بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل اسکلز ٹریننگ پروگرام شروع

کوئٹہ (عوام ویب ڈیسک) بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل و ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے تمام اضلاع سے 500 نوجوانوں کو تین ماہ کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مجموعی ہدف ایک ہزار نوجوانوں کو جدید فنی و ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دینا ہے۔ پہلے بیچ میں 400 مرد اور 100 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

تربیتی پروگرام میں سیلز اینڈ مارکیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی جیسے جدید کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور فری لانسنگ کے مواقع کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
تربیت مکمل کرنے والے نوجوان سافٹ ویئر ہاؤسز، آئی ٹی اور آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں میں روزگار حاصل کر سکیں گے، جبکہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا مینجمنٹ، میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبوں میں بھی انہیں مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ نوجوان ذاتی آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ایجنسیز اور فری لانسنگ کے ذریعے معاشی مواقع حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پروگرام کے آغاز پر اطمینان و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گی






