خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ مجبوری میں کیا، ملک کے بہترین مفاد میں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

گوجرانوالہ (17 اکتوبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ مجبوری کے تحت اور ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں بیرسٹر محمود بشیر ورک کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ اور موجودہ وزیراعلیٰ کے ساتھ متعدد ملاقاتوں میں خلوص کے ساتھ یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا خوبصورت صوبہ ہے اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت ہر وقت تعاون کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کے بعد سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون، وسائل اور انتظامی مدد کی پیشکش کی گئی۔

وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود صوبے میں سکیورٹی اہلکار جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اور عام شہری، خواتین اور معصوم بچے بھی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، اس سے بڑا ظلم کوئی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نواز شریف کے دور میں امن قائم ہوا تھا لیکن بعد میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ سیاسی احتجاج اور دھرنوں سے بھی ملک کو نقصان پہنچا۔ وفاقی حکومت نے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر مشتمل کمیٹی بنائی جس نے 48 گھنٹے مذاکرات کیے۔ ایک مسودہ بھی تیار ہوا جس میں احتجاج کی کال واپس لینے پر اتفاق ہوا تھا لیکن آخری وقت پر مزید وقت مانگنے سے بات نہ بن سکی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ترقی کے عمل کو متاثر نہیں ہونے دینا چاہتی تھی، خاموش تماشائی بننا ملک اور آنے والی نسلوں کے لیے نقصان دہ ہوتا، اسی لیے ایمرجنسی کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے کے لیے بنائی گئی ایڈوائزری کونسل میں غیر سیاسی اور اہل افراد شامل ہیں۔ وہ خود بھی جلد خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے معاشی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔ پیٹرولیم ریلیف کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان سمیت 1 کروڑ 20 لاکھ افراد مستفید ہو چکے ہیں، جس کا فائدہ بالواسطہ 6.5 کروڑ عوام تک پہنچ رہا ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے مرحوم بیرسٹر محمود بشیر ورک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شفیق انسان اور نواز شریف کے وفادار ساتھی تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔