پورے صوبے کو صاف ستھرا بنانے کا عزم، تجاوزات کے خلاف آپریشن

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم نے پورے صوبے کو صاف و ستھرا بنانے کا تہیہ کرلیا ہے، صفائی و ستھرائی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز پشاور سے کردیا ہے، کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گندم کے حوالے سے بھی انکوائری شروع کردی ہے، جو گندم ہمیں ملنی تھی وہ کیسے غائب کی گئی، حقائق سامنے لائیں گے، رپورٹ جلد جاری ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اب صرف اچھے ترقیاتی پروجیکٹس ہوں گے، یہاں پر ترقیاتی کاموں پر چار چار محکمے بل بناتے تھے، جو ترقیاتی منصوبہ مفید نہ ہو اس پر کام نہیں کریں گے، پیسے کسی کو کھانے نہیں دیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر میٹنگ بلائی ہے، ٹریفک نظام کو بہتر بنائیں گے، ٹریفک قوانین بننے جارہے ہیں، چالان کی شکایت ختم ہوجائے گی، باقاعدہ کیمروں کی مدد سے ٹریفک کا نظام بہتر بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بڑھتی لوڈشیڈنگ پر واپڈا کے ساتھ بیٹھوں گا، بجلی چوری کا زمانہ بھی گیا، اب لوگ بل دیں گے، وہ زمانہ گیا کہ کہا جائے وفاق زیادتی کررہا ہے، لوڈشیڈنگ، گیس بند کررہا ہے، بجلی اور گیس کا معاملہ جلد حل ہوگا۔گورنر نے کہا کہ وفاق کے ساتھ چلیں گے، سب صوبوں کے ساتھ ایک پیج پر ہوں گے، اب ہمارے اختلافات نہیں ہوں گے، ایک یونٹ ہوں گے۔