قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید

راولپنڈی/کوئٹہ: بلوچستان میں دو مختلف کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید – آئی ایس پی آرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔انٹیلیجنس اطلاعات تھیں کہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور اور ضلع قلات کے علاقے جتک آباد میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانے موجود ہیں جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ ہیں۔ جس پر عوام کے تحفظ کے لیے آپریشنز کا آغاز کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا واقعہ 18 اکتوبر 2026ء کو ضلع قلات میں پیش آیا، جہاں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔دوسرا واقعہ گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں پیش آیا جہاں کلیئرنس آپریشن کے دوران لیڈ فورس کے دستے کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید عمر 34 سال ساکن لاہور شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر دہشتگرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت دہشتگردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور سیکیورٹی فورسز غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔