عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان کی نظر بندی کے احکامات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نظر بندی کے خلاف درخواست دائر
لاہور ہائیکورٹ میں بیرسٹر تیمور کی وساطت سے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تینوں بہنیں 3 ایم پی او کے تحت نظر بند
واضح رہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل جاری کریک ڈاؤن کے دوران عمران خان کی تینوں بہنوں کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت حراست میں لے کر 30 روز کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔
کوٹ لکھپت جیل میں رکھنے کا حکم
ڈپٹی کمشنر لاہور کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان کو گرفتاری کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی تحویل میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل علیمہ خان کو اتوار کی دوپہر حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے دیگر دو بہنوں اور بعض رشتہ داروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارنے اور گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔





