پیشوکان میں پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کی مشترکہ کارروائی، بھاری مقدار میں منشیات اور ممنوعہ اشیاء ضبط

راولپنڈی، ( عوام ویب ڈیسک )پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے پیشوکان میں کی جانے والی ایک مشترکہ اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مشترکہ ٹیموں نے بھاری مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات ضبط کر لیں۔ ضبط کی گئی تمام ممنوعہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ کامیاب مشترکہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تمام اداروں کے باہمی تعاون کی افادیت کو اجاگر کرتی ہے، اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز پاکستانی سمندری حدود اور زمین کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔