نوشکی اور شعبان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 33 طالبان ہلاک

راولپنڈی: (عوام ویب ڈیسک ) بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا بھرپور اور فیصلہ کن آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں اب تک 33 طالبان کو ہلاک کیا گیاہے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 21 ستمبر سے شروع ہونے والے ان جامع آپریشنز کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے مضبوط گڑھ توڑ دیے ہیں۔ آپریشن شعبان کے اگلے مرحلے میں سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا، جس کے بعد اس مخصوص کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 ہو گئی۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ، 25 ستمبر 2026 کو ضلع نوشکی میں ایک اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر موثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مزید 11 دہشت گرد واصلِ جہنم ہو گئے۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ “عزم استحکام” کے قومی وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔





