کوئٹہ میں پروونشل یوتھ پالیسی ڈائیلاگ فورم کا انعقاد، نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی): محکمہ کھیل بلوچستان، یو این ایف پی اے (UNFPA) اور اسلامک ریلیف کے باہمی اشتراک سے کوئٹہ میں پروونشل یوتھ پالیسی ڈائیلاگ اینڈ کمٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا گیا۔فورم کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی آواز کو صوبائی پالیسی سازی کا حصہ بنانا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کھیل بلوچستان درا بلوچ نے کہا کہ نوجوان صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں فیصلہ سازی میں فعال شراکت دار سمجھتی ہے۔یو این ایف پی اے کی کوآرڈینیٹر سعدیہ عطاء نے بھی نوجوانوں کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔فورم میں حکومتی حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں مقررین نے تعلیم، ہنر، روزگار اور صحت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور نوجوانوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو آئندہ پالیسی سازی میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔





