کوئٹہ: وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کی چیف منسٹرسیکرٹریٹ آمد، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات

کوئٹہ (رپورٹ ، محمد ضرار ) وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اہم ملاقات کی. ملاقات کے دوران صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام، بالخصوص بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے اجراء کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے صوبے میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ بلوچستان نے میٹرو ٹرین سروس کے آغاز کے معاملے میں ملک کے دیگر صوبوں سے سبقت حاصل کر لی ہے، جو کہ صوبائی حکومت کی ترقی پسند سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی سیاسی کمٹمنٹ اور عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے اس عزم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں جدید، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات کے ایک نئے دور کا باقاعدہ آغاز ہے۔ انہوں نے میٹرو ٹرین سروس کے بروقت آغاز میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر وزارت ریلویز اور وفاقی وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے ایسے مزید منصوبے بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔





