ورلڈکپ 2027 ٹکٹ بیلٹ کا آغاز، 21 نومبر تک بغیر فیس درخواستیں جمع ہوں گی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ 2027 کے لیے ٹکٹ بیلٹ کا آغاز کر دیا ہے جس میں شائقین کو میچز کے ٹکٹس تک رسائی حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ٹکٹ بیلٹ کا عمل 21 نومبر تک جاری رہے گا، اس دوران شائقین ورلڈکپ 2027 کے تمام میچز کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ ٹکٹ بیلٹ میں شرکت کے لیے کسی قسم کی فیس مقرر نہیں کی گئی، یعنی شائقین بغیر کسی اضافی قیمت کے ٹکٹ بیلٹ میں انٹری حاصل کر سکیں گے۔تاہم ٹکٹ بیلٹ میں درخواست جمع کرانا ٹکٹ ملنے کی ضمانت نہیں ہوگا بلکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹوں کی تقسیم کی جائے گی۔آئی سی سی کے بیان کے مطابق ایک میچ کے لیے ایک درخواست کے ذریعے زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹ حاصل کرنے کی درخواست کی جا سکے گی، شائقین ورلڈکپ 2027 کے مختلف میچز کے لیے بھی الگ الگ درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔واضح رہے کہ ورلڈکپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا اور ٹکٹوں کی فروخت کے عمل کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔





