ضلع کچھی میں آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشت گردوں کو گھیر کر جہنم واصل کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور عسکری ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن ابھی جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔









