277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اہم فیصلے

راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس، ملکی سلامتی پر اہم فیصلے

راولپنڈی – چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں شہداء، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں اور اس کی تمام ذمہ داری طالبان کی مخبوط الحواس قیادت اور ہندوستان کے آلہ کار بننے پر عائد ہوتی ہے۔

فورم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی آپریشنز کے ساتھ ساتھ گورننس کو عوام کے قریب لانے، کرائم اور ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنے اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔

فورم نے واضح کیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلا امتیاز کچلا جائے گا۔

کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا اور سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور جدید ٹیکنالوجی اور ٹریننگ کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے۔