جو تبدیلی تھر میں ہے وہ پورے پاکستان میں نہیں بلاول بھٹو

تھرپارکر: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تھرکول فیز تھری کے افتتاح سے خطاب، وفاق پر کڑی تنقیدتھرپارکر: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو تبدیلی ہم نے تھر میں دیکھی ہے وہ پورے پاکستان میں نظر نہیں آتی، اگر اسلام آباد ناکام ہو گیا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کر دیں۔تھرکول فیز تھری کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ماہرین کہتے تھے کہ تھر کا کوئلہ بیکار ہے اور اس میں سرمایہ کاری بیکار ہے۔ لیکن آج تھر بلاک ٹو میں پہلے 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی، اب 2000 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تھر میں ہر لحاظ سے ترقی ہوئی ہے، پورا پاکستان حیران ہو رہا ہے کہ تھر کہاں پہنچ گیا ہے۔ تھر کے بچے آج امتحانات میں ٹاپ کر رہے ہیں۔ اس پر پورے ملک کو مبارکباد دینی چاہیے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کراچی میں نفرت کی سیاست کرتی ہے، اور سیاسی یتیموں کی جماعت صیہونیوں کی سیاست کرتی ہے۔ سندھ میں صیہونیت کی سیاست لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تھر پارکر ملک کے سسٹم، آئین اور 18ویں ترمیم کی سب سے بڑی مثال ہے۔ کچھ لوگوں کو تھر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ ہم تھر کے کوئلے کی وجہ سے 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچا رہے ہیں۔ اسلام آباد کو بھی تھر کی طرح چلنا چاہیے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ منطق سمجھ نہیں آتی کہ سسٹم ناکام ہوگیا تو نئے صوبے بنائیں۔ اگر اسلام آباد ناکام ہو چکا ہے تو ہمیں اس کی ذمے داری دے دیں، ہم بتائیں گے کہ تھر کے بچے اور لوگ کیا کیا کر سکتے ہیں، ہم اسلام آباد کے بچوں کو ٹاپ کرا دیں گے اور اسپتال بہتر کرا دیں گے۔