کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ، 2900 جدید کیمرے نصب

کوئٹہ (عوام ویب ڈیسک) بلوچستان میں سیکیورٹی اور پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکیورٹی اور پولیسنگ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان نے سیکیورٹی صورتحال اور پولیسنگ سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ گرین ڈیجیٹل کوریڈور کے تحت شہر میں 2,900 جدید کیمروں کی تنصیب کی جائے گی جبکہ کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ کے تحت کوئیک رسپانس فورس کے نئے اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔دہشت گردی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بلوچستان پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان پولیس میں اصلاحات اور محکمانہ خود احتسابی کا عمل جاری ہے، غیر حاضری اور غفلت پر 871 اہلکار برطرف کیے گئے ہیں جبکہ مختلف شخصیات کے ساتھ تعینات 1,005 پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس محکمہ پولیس کے حوالے کردی گئیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری تربیت اور مطلوب وسائل فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو دہشت گردی کے خلاف میدان میں اتارا ہے تو مکمل سرپرستی بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پاکر دستیاب وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ ہم نے بلوچستان کے اس عام آدمی کے لیے کام کرنا ہے جو سردی میں ٹھٹھرتا اور گرمی میں جھلستا ہے





