وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اقدام، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کی تجویز

اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں امن و امان پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس، ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویزاسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں یہ موقف سامنے آیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کی جانب سے دانستہ لاتعلقی برتی جا رہی ہے، جس کے باعث حالات کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہو گیا ہے۔کابینہ نے حالات کی سنگینی کے پیش نظر وزیرِ اعظم کو تجویز دی کہ وہ صدرِ مملکت کو آئینی مشورہ دیں کہ وہ اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی کا نفاذ کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزیرِ اعظم ہاؤس سے باضابطہ ایڈوائس ایوانِ صدر کو بھجوا دی گئی ہے۔آرٹیکل 232 کے تحت صدرِ مملکت ملک میں یا کسی خاص علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر سکتے ہیں اگر انہیں یقین ہو کہ جنگ، بیرونی جارحیت یا اندرونی خلفشار کی وجہ سے ہنگامی حالات پیدا ہو گئے ہیں، جبکہ آرٹیکل 234 صوبائی حکومت کی آئینی ناکامی سے متعلق ہے۔