گورنر بلوچستان نے سعادت اللہ خان بازئی سے صوبائی محتسب کے عہدے کا حلف لے لیا

کوئٹہ 12 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعادت اللہ خان بازئی سے صوبائی محتسب بلوچستان کے عہدے کا حلف لے لیا۔اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایک سادہ مگر پروقار حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر نسیم الرحمٰن، رکن صوبائی اسمبلی نعیم بازئی، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان عبدالطیف کاکڑ سمیت صوبائی سیکرٹریز، سینئر وکلاء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے توقع ظاہر کی کہ سعادت اللہ خان بازئی کی بطور صوبائی محتسب تقرری کے بعد صوبائی محتسب کا ادارہ شہریوں کی شکایات کے ازالے، سرکاری محکموں کی انتظامی بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گا۔گورنر نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ واقعی ایک کارآمد ادارہ ہے جو عوام اور انتظامیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔