سرحد پار دراندازی برداشت نہیں کریں گے، جنرل سید عامر رضا

ایبٹ آباد(عوام ویب ڈیسک) سرحد پار دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈایبٹ آباد: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس سے خطاب میں کہا کہ آپ کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری ہے، آپ ملک کی سلامتی میں بھرپور کردار ادا کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں۔ دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت باعث افتخار ہے، افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کہنا تھا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو دنیا بھر نے دیکھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر جوان ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی بند ہونی چاہیے جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی سطح پر حل طلب معاملہ ہے