اصغر خان اچکزئی کی ضمانت منسوخی کے بعد میڈیا سے گفتگو

اصغر خان اچکزئی کا عدالت میں ضمانت منسوخی کے بعد میڈیا سے خطاب، کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایتچمن (نمائندہ) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی کی چمن کی مقامی عدالت میں ضمانت منسوخ کر دی گئی۔ضمانت منسوخی کے بعد عدالت کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور انصاف کی فراہمی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ ہماری جدوجہد کسی تصادم یا محاذ آرائی کے لیے نہیں، بلکہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کا احترام ہماری سیاست کی بنیاد ہے اور ہم ہر فورم پر قانونی راستہ اپنائیں گے۔اصغر خان اچکزئی نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ آج جس مقدمے میں ان کی ضمانت منسوخ کی گئی، اسی مقدمے کے مدعی نے گزشتہ روز عدالت میں حلفاً بیان دیا تھا کہ ان کی اصغر خان اچکزئی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ان کے مطابق مدعی نے عدالت میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ اصغر خان اچکزئی کو اپنے علاقے کا محترم مشر سمجھتے ہیں اور اصغر خان اچکزئی کے خلاف ان کے نام سے درج ایف آئی آر سے نہ ان کا اور نہ ہی ان کے خاندان کا کوئی تعلق ہے۔اس موقع پر اصغر خان اچکزئی نے اپنے تمام کارکنوں، عہدیداروں اور ہمدردوں کو ہدایت کی کہ وہ پُرامن رہیں، کسی قسم کے اشتعال میں نہ آئیں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے لیے ہماری جنگ قانونی اور جمہوری دائرے میں جاری رہے گی۔