رکھنی ماڈل بازار اور کارٹ مارکیٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

رکھنی(عوام ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی زیرِ صدارت ماڈل بازار رکھنی، رکھنی بائی پاس روڈ اور کارٹ مارکیٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر رکھنی فہد حسین عمرانی، ایس ای محکمہ مواصلات و تعمیرات عبدالرزاق، ایکسیئن فضل محمد زرکون، آر ای عبداللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع جلال خان، ڈی ایف او زبیر خان، ایس ڈی او واپڈا عبدالغفار حسنی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں منصوبوں پر پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحۂ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان نے روڈ الائنمنٹ اور رائٹ آف وے (ROW) کی کلیئرنس، اسسٹنٹ کمشنر رکھنی نے کارٹ مارکیٹ کے سروے، جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام نے ماڈل بازار کے ترقیاتی کاموں سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔کارٹ ایریا کی سڑکوں اور ڈیزائن، بائی پاس روڈ پر شجرکاری اور جاری تعمیراتی کاموں سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے، محکموں کے مابین مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے اور منصوبوں میں مقررہ معیار پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار، بائی پاس روڈ اور کارٹ مارکیٹ کے منصوبے رکھنی میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے اہم ہیں۔حکومتِ بلوچستان کے ترقیاتی وژن کے تحت ان منصوبوں کی تکمیل سے رکھنی شہر میں جدید تجارتی سہولیات کے فروغ اور شہری ماحول و بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں مدد ملے گی۔






