بیوٹمز ژوب کیمپس کی بڑی کامیابی، 2 طلبہ کو چائنا اسکالرشپ مل گئی

کوئٹہ (عوام ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ الحمدللہ! آج ہمارے لیے دو بڑی خوشخبریاں باعثِ مسرت و افتخار ہیں۔پہلی خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان بھر میں سخت مقابلہ کے نتیجے میں بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے دو ہونہار طلبہ ثناء اللہ اور محمد اخلاص نے کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے آٹانومس ریجن فل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کر لی ہے۔ دونوں طلبہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے چائنا جائیں گے۔دوسری بڑی خوشخبری یہ ہے کہ بیوٹمز ژوب کیمپس کے 14 طلبہ نے پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان میں نمایاں نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔گورنر نے کہا کہ یہ نتائج اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ اگر نوجوانوں کو معیاری تعلیم، بہتر مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے فیکلٹی ممبرز اور اسٹوڈنٹس سے انٹرایکشن کے دوران کیا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم نے ژوب کیمپس میں داخلہ فیس میں کمی کا جو فیصلہ کیا، اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں طلبہ و طالبات کی تعداد دگنی ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم تک رسائی آسان بنانے سے نوجوانوں کیلئے ترقی کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔گورنر مندوخیل نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بیوٹمز ژوب کیمپس کی خواتین اسٹاف اور طالبات کیلئے دو کوسٹرز، چائنا کیلئے مزید اسکالرشپس اور اسپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ دن قریب ہے جب ژوب شہر میں ایک جدید فل فلیجڈ یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔





