قلات میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ

قلات (عوام ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی (DHMC) کا ایک اہم ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر سومار خان، ڈی ایم پی پی ایچ آئی جہانگیر زہری، ایم اینڈ ای غلام فاروق، اور دیگر اعلیٰ طبی و انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کی بہتری، ہسپتالوں کی کارکردگی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی سی قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے معیاری طبی سہولیات ناگزیر ہیں، ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور عوامی مشکلات کے حل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت کی کڑی نگرانی کریں تاکہ دور افتادہ علاقوں کے غریب عوام کو بروقت ادویات اور علاج کی سہولت مل سکے۔ڈپٹی کمشنر قلات نے واضح کیا کہ تمام ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی جائے تعیناتی پر حاضری یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی میں غفلت، لاپروائی یا غیر حاضری کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔





