مستونگ میں ڈرون حملہ ، ٹی ٹی پی کمانڈر نقیب سمیت 3 ہلاک

کوئٹہ/مستونگ: ( رپورٹ محمد ضرار) سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے شیرین آب وادی کے کرداگب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا ہے، جس کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم افغان خوارجی کمانڈر نقیب عرف امیر اپنے دو ساتھیوں سمیت جہنم واصل ہو گیا ہے۔

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق، 13 ستمبر 2026 کو سیکیورٹی اداروں کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج (FAH) کا افغان کمانڈر نقیب عرف امیر مستونگ کے علاقے کرداگب میں کسی تخریبی کارروائی کی غرض سے نقل و حرکت کر رہا ہے۔ اطلاعات ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی تیزی اور مہارت کے ساتھ اس کے گھیرے میں لے لیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ہدف کی گاڑی کو عین مقام پر نشانہ بنایا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کمانڈر نقیب عرف امیر سمیت تینوں دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق اس کارروائی کو کالعدم تنظیم کے لیے ایک کاری ضرب قرار دیا جا رہا ہے۔ عسکری ذرائع کا عزم ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کے اندر امن و اممان کو خراب کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، اور ملک دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ رکھی جائے گی۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔