بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، پنجگور، زیارت اور دالبندین میں 15 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع پنجگور میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے ان کے ٹھکانے سے بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

اسی طرح ضلع زیارت میں ایک اور بڑی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے اور ان کا ایک ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مزدوروں کے اغواء، بم دھماکوں اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث تھے۔

علاوہ ازیں دالبندین میں شاکر اللہ ہوٹل کے قریب ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دو دہشت گرد فرار ہو گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔