کوئٹہ میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور سخت سکیورٹی کے ساتھ منائی جا رہی ہے

کوئٹہ : رپورٹ: (رفیع اللہ خان )کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبی انتہائی مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس بابرکت موقع پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے شاندار ریلیاں نکالی گئی ہیں، جن میں عاشقان رسول نے بھرپور شرکت کی۔
شہر بھر میں عاشقان رسول کا جوش دیدنی ہے۔ فضا مرحبا یا مصطفی کے نعروں اور درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھی ہے۔ عید میلاد النبی کے جلوسوں اور ریلیوں کے لیے کوئٹہ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہر بھر میں تعینات ہیں۔
عید میلاد النبی کی مناسبت سے کوئٹہ کی مساجد، عمارتیں اور مارکیٹیں خوبصورت برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں میلاد کمیٹیوں اور عاشقان رسول کی جانب سے سبیلوں اور لنگر کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔