کائنات امتیاز کون ہیں؟ کرکٹر سے کمنٹیٹر اور اب میچ ریفری تک کا سفر

لاہور – پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق آل راؤنڈر کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ اور سلور میڈل جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کائنات امتیاز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 ون ڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے آسٹریلیا کے خلاف جنوری 2023ء جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی تھائی لینڈ کے خلاف اکتوبر 2022ء میں کھیلا تھا۔بعد ازاں وہ کمنٹری کے شعبے سے بھی وابستہ ہو گئیں، جبکہ اب وہ ویمن میچ ریفری کے فرائض بھی انجام دے رہی ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ویمن میچ ریفری کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا ہے۔کرکٹ کیریئر کا آغاز:
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق کائنات امتیاز نے 2007 میں اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور دائیں ہاتھ سے میڈیم فاسٹ بولنگ کرتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان ویمنز ٹیم کے علاوہ ایمازونز اور ساؤتھ زون ویمن کی نمائندگی بھی کی۔بولنگ کارکردگی:
کائنات امتیاز نے 19 ون ڈے میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں، ون ڈے میں ان کی بہترین بولنگ 49 رنز کے عوض 3 وکٹیں رہی۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 21 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کیں اور اس فارمیٹ میں ان کی بہترین بولنگ 18 رنز کے عوض 2 وکٹیں رہی۔بیٹنگ کارکردگی:
کائنات امتیاز نے بیٹنگ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 13 اننگز میں 134 رنز بنائے جس میں ان کا بہترین اسکور 24 رہا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 17 اننگز میں 137 رنز بنائے جبکہ ان کا بہترین اسکور 29 رنز رہا۔فیلڈنگ میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 3 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 کیچز بھی پکڑے۔