نور زمان نے دفاعی چیمپئن ورلڈ نمبر 4 کریم گواد کو شکست دے دی

پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن میں نور زمان کی بڑی کامیابی، ورلڈ نمبر 4 کو شکستامریکا: پاکستان کے نوجوان اسکواش اسٹار نور زمان نے امریکا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن اور دنیا کے نمبر 4 کھلاڑی مصر کے کریم گواد کو شکست دے دی۔52 منٹ تک جاری رہنے والے کانٹے دار مقابلے میں نور زمان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مصری حریف کو 3-1 سے مات دی۔ میچ کا اسکور 11-9، 11-7، 9-11 اور 11-6 رہا۔نور زمان کی اس فتح کو پاکستان اسکواش کے لیے ایک بڑی بحالی قرار دیا جا رہا ہے۔ ورلڈ کلاس مصری کھلاڑی کو ہرانا ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔دوسری جانب ایونٹ میں شریک پاکستان کے دوسرے کھلاڑی عشب عرفان کو مصر کے سابق عالمی نمبر ایک محمد الشورباگی نے 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔واضح رہے کہ امریکا میں جاری اس پی ایس اے گولڈ ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالرز ہے، جس میں دنیا کے ٹاپ رینکڈ کھلاڑی شریک ہیں۔











