کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح، 2 نومبر سے آغاز

کوئٹہ (عوام ویب ڈیسک )ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بچی کو حفاظتی قطرے پلاکر 2 نومبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والدین، علماء کرام، قبائلی عمائدین، اساتذہ، سماجی رہنماوں اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مہم کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ایک خطرناک اور معذوری کا باعث بننے والی بیماری ہے، جس سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت پولیو ویکسین کے قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اپنے گھروں میں آنے والے پولیو ورکرز کو خوش آمدید کہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت یا محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ علماء کرام مساجد اور مدارس میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور کوئٹہ سمیت پورے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔