خاران میں ڈرون حملہ ناکام، 5 ڈرونز مار گرائے گئے، بابر یوسفزئی

کوئٹہ(عوام ویب ڈیسک )معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ خاران میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے حملے کی کوشش ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔بابر یوسفزئی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچوں ڈرونز مار گرائے، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت ردعمل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر امن و امان خراب کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔معاون داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور صوبے میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔