جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عمران خان کو پیش کرنے کا حکم، 4 رہنما اشتہاری قرار

اسلام آباد: ( ویب ڈیسک )اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جج طاہر عباس سپرا نے مقدمے کی سماعت کے دوران ہدایت کی کہ عمران خان کو جسمانی طور پر یا بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا واقعہ 18 مارچ 2023ء کو پیش آیا تھا، جب سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تھے، ان کی آمد کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔عدالت نے اسی کیس میں سابق وفاقی وزرا فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دے کر ان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔اس کے علاوہ عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور رکن پنجاب اسمبلی حسن خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔

۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا۔