خیبر پختونخوا میں 13 سالہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے کو پیچھے دھکیل دیا

اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ساڑھے 13 سال کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومتوں نے صوبے کو ترقی کے بجائے پیچھے دھکیل دیا ہے جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی توجہ بھی گورننس کے بجائے احتجاج اور انتشار پر مرکوز ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما جلال خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا ایک زمانے میں سیاحت، امن اور مہمان نوازی کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا، دنیا بھر سے سیاح یہاں آتے تھے لیکن گزشتہ ساڑھے 13 سال کے دوران صوبے کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صوبے میں بدامنی، کرپشن اور بدانتظامی نے جنم لیا، سرکاری وسائل کو ذاتی اور جماعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر سمیت کوئی بھی شعبہ ترقی نہ کرسکا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی سابق حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، انہیں صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے احتجاجی سیاست میں زیادہ دلچسپی ہے۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔





