وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی درازندہ دھماکے کی مذمت، پولیس کو 35 ارب فنڈز دیے – ڈی آئی خان

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے گھر الامین ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی اسلحہ اٹھاتا ہے وہ دہشت گرد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں صرف عوام نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز کے جوان بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے قیامِ امن کے لیے پولیس کو 35 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمیں امن پیارا ہے، احساس ہے کہ ہمارے بچے، خواتین اور جوان شہید ہو رہے ہیں، دہشت گردی کی لہر میں جو شہید ہوگا اسے شہید پیکج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں جو حکومت کے بس کی بات نہیں۔ ہم بند کمروں کے فیصلوں کو نہیں مانتے، تین مسخرے ملک میں نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ادائیگی کے باوجود ہمیں بکتر بند گاڑیاں نہیں دی جا رہیں، وفاق کو کہا کہ اپنی گاڑیاں ہمیں دے دیں۔ جنازے ہم اٹھا رہے ہیں، ہمارا صوبہ زخمی ہے، آپ تو جہاز لے رہے ہیں، وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں۔






