ڈی جی آئی ایس پی آر: محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ زندہ ہے

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے لائیو پریس کانفرنس میں اس شخص کو پوری دنیا کے سامنے پیش کر دیا جسے بھارت نے ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کا آغاز بھارتی دعوؤں کے تجزیے سے کیا۔ انہوں نے بھارتی فوج اور بھارتی منسٹری آف ہوم افیئرز کے بیانات کے اسکرین شاٹس بھی دکھائے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے کوراگ میں ایک کارروائی کے دوران محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ نامی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ مذکورہ شخص کالعدم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور ماضی میں پاک فوج میں حوالدار کے عہدے پر خدمات انجام دے چکا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ محمد آصف 7 مارچ 1980 کو پیدا ہوا، 2000 میں پاک فوج میں بھرتی ہوا اور اس کا سروس نمبر PA-3106947 ہے۔ بھارت نے اسی شخص کو 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے حملے سے بھی جوڑا تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔بھارتی فوج کی چنار کور نے بھی بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ کوراگ اور یوسمرگ کے علاقے میں جھڑپ کے بعد محمد آصف کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان تمام دعوؤں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے متعلقہ شخص کو لائیو پریس کانفرنس میں پیش کر کے بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا۔





