قصور میں بھارتی فورسز کی فائرنگ 2 پاکستانی شہری جان بحق

قصور:( عوام ویب ڈیسک) پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب قصور کے علاقے لدھڑ میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (BSF) کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو نہتے پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، لدھڑ گاؤں کے مقامی رہائشی تین پاکستانی شہری بارڈر پلر کے قریب پہنچے تو بھارتی فورسز نے انہیں بغیر کسی پیشگی وارننگ کے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس واقعے میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق جٹاں والی حویلی لدھڑ سے ہے، جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوا۔
مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی اور وہ مکمل طور پر نہتے تھے۔
ادھر بھارتی میڈیا نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فالس فلیگ آپریشن کی روش کو جاری رکھتے ہوئے معصوم شہریوں کو درانداز قرار دینے کی کوشش کی ہے۔ ماہرین اور سیکیورٹی حلقوں کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا یہ واقعہ بین الاقوامی بارڈر معاہدوں اور ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔





