72 گھنٹوں میں 23 دہشتگرد ہلاک، آپریشن شعبان میں 33 بھارتی پراکسیز کا خاتمہ – ISPR

راولپنڈی / کوئٹہ: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 11 دہشتگرد مارے گئے۔ اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان میں اب تک 33 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشتگردوں کے ٹھکانے کلیئر کر دیئے ہیں اور دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مَند میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کرکے وسیع علاقے کو دہشتگردوں سے کلیئر کر لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان اور دیگر علاقوں میں کارروائیوں سے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔


وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشنز سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے