مستونگ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 9 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

کوئٹہ: (رپورٹ : محمد ضرار )بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بھرپور تعاقب کرتے ہوئے 9 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر بزدلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، الرٹ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

اس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کا پیچھا کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 7 خوارج کو بھی ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

اس شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی بھی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں پوری غیر متزلزل رفتار اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔