لودھراں ملتان اور پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے کا افتتاح دسمبر جنوری میں ہوگا

اسلام آباد(عوام ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، دسمبر میں لودھراں، ملتان اور جنوری میں پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے کا افتتاح ہوگا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری شاہراہوں اور موٹرویز کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل، فنڈز کی فراہمی اور تعمیراتی کاموں کی رفتار سے متعلق حکام نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کا تعین کرے اور جن منصوبوں کی تکمیل ضروری ہے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں سے این ایچ اے کو ریونیو حاصل ہو رہا ہے وہاں نئی سڑکوں کی تعمیر بھی این ایچ اے خود کرے گا۔