پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی: ایئر ڈیفنس نے افغان طالبان کے 8 ڈرونز گرا دیے

راولپنڈی/پشاور: (ویب ڈیسک)آج افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افواج اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ناکام بنایا ہے۔ ان میں سے 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں ان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو تباہ کیا تھا۔
افواج پاکستان ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں۔