پاک فوج کے بلوچستان میں مؤثر آپریشنز، فتنہ الخوارج اور بھارتی پراکسیز کے 48 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ: پاک فوج نے بلوچستان میں انسدادِ دہشتگردی کے تحت ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 48 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کامیاب آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی پراکسیز اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔
مستونگ آپریشن
04 ستمبر 2026 کو مستونگ میں کیے گئے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) کو موقع پر ہی ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کارروائی
ایک اور اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 4 چھپے ہوئے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 26 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
قلات اور سبی میں کارروائیاں
قلات میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک اور خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں 2 ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں بھی سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران 2 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں کی جانے والی ان کارروائیوں میں بھارتی پراکسیز اور فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے کل 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ریاست اور عوام کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف یہ کارروائیاں پوری عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہیں گی۔