پشاور دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گر گئی، 27 بچے اور 2 ٹیچرز جاں بحق

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے 27 بچے اور 2 خاتون ٹیچرز جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو 1122 پشاور کے ترجمان بلال فیضی نے ہم نیوز کو بتایا کہ ان کے کنٹرول روم کو 8 بج کر 48 منٹ پر اسکول کے چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ان کے مطابق امدادی کارکنوں نے وقوعہ پر پہنچ کر دیکھا کہ عمارت کی ایک چھت دوسرے پر گر چکی تھی جس کے ملبے تلے بچے دبے ہوئے تھے۔ترجمان کے مطابق بچوں کو نکال کر اسپتال پہنچانے کے لیے ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع ہوا جس میں ریسکیو 1122 کی 16 ایمبولینسز، 2 ڈیزاسٹر وہیکلز اور 60 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔پولیس کے مطابق ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کیلئے آپریشن میں ریسکیو حکام، پولیس، پاک فوج کے اہلکاروں کے علاوہ نجی تنظیموں اور مقامی رضا کاروں نے بھی حصہ لیا جبکہ زخمی بچوں اور ٹیچرز کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال اور نصیر اللہ بابر میموریل اسپتال منتقل کیا گیا۔