پشین اور قلعہ عبداللہ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب مشترکہ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، 5 گرفتار

کوئٹہ: (نمائندہ خصوصی عوام ) بلوچستان کے اضلاع پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اداروں نے ایک بڑا مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق کلی سلطان، اجرام، دینار اور جيلو کے علاقوں میں کیے جانے والے اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے (BLA) کے 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
حکام کے مطابق کلی سلطان میں اس کارروائی کی قیادت سینئر پولیس اور کاؤنٹر ٹیرارزم حکام نے کی۔ گرفتار کیے جانے والے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔





