پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیاب، ہدف کو نشانہ بنایا

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کر لی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کی، ہنگور نے اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور آبدوز کی جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے قابل اعتماد بحری دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا۔صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خراج تحسین
صدر آصف علی زرداری نے ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک نیوی کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک نیوی قومی بحری حدود کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہنگور کی کامیاب فائرنگ پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔ مسلح افواج کی قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بیان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی پی این ایس ایم ہنگور کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اینٹی شپ کروز میزائل سے طویل فاصلے کے ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانا پاک بحریہ کی بلند جنگی صلاحیت کا مظہر ہے۔معاہدے کی تفصیلات

حکومت پاکستان نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کے ساتھ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں اور چار کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ 27 اپریل 2024 کو، دوسری آبدوز پی این ایس شوشک کی لانچنگ 15 مارچ 2025 کو اور تیسری آبدوز پی این ایس ایم مانگرو کی لانچنگ 16 اگست 2025 کو چین کے ووچانگ شپ یارڈ میں ہوئی تھی۔