پشین میں امن و امان اجلاس، ضلع میں دفعہ 144 نافذ، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت پشین میں امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین پی اے سی اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا، اسفندیار کاکڑ شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں پشین کے قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پشین میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے اعلان کیا کہ ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں۔