رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق 30 سے زائد زخمی

ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ٹرین ملتان کے شیر شاہ اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین میں 500 سے 600 مسافر سوار تھے جن کو ریسکیو کرنے کے لیے اب تک 13 بوگیاں کلیئر کر دی گئی ہیں جبکہ مزید بوگیوں میں آپریشن جاری ہے۔ریلوے انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ایک بوگی کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا جا رہا ہے جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام آپریشن مکمل ہونے کے بعد شروع ہو گا۔ انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ 4 سے 5 گھنٹوں میں ڈاؤن اسٹریم ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔پاکستان ریلوے کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں اور ٹریک کلیئر کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ یہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران مسافر ٹرینوں کو پیش آنے والا چوتھا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 30 ستمبر کو راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین کی ایک بوگی کھاریاں کے قریب پٹری سے اتری تھی۔ اگلے ہی دن کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس جبکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس پٹری سے اتری تھیں۔ خوش قسمتی سے ان حادثات میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔





