وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت

اسلام آباد (عوام ویب ڈیسک) – وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے لانگ مارچ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مذاکرات کی دعوت دے دی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر چوک توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بامقصد اور بامعنی مذاکرات کا فیصلہ کیا، ہمیں امید تھی کہ بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے مگر بدقسمتی سے یہ کامیاب نہیں ہو سکے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور لانگ مارچ کا بھیانک سایہ دوبارہ نمودار ہو رہا ہے، ملکی معیشت کو ہم نے بڑی محنت سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا کیا ملک دشمنی نہیں ہے؟شہباز شریف نے کہا کہ اگر لانگ مارچ ختم کریں تو ہم آپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ ملکی معیشت میں استحکام آیا، اب گروتھ کا وقت ہے، دھرنوں اور لانگ مارچ سے ملک کا نقصان ہوگا۔اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے خطاب میں کہا کہ ایف 9 کے سائز کا ایک اور پارک اسلام آباد میں بنائیں گے، زمینوں کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر چوک منصوبہ ایک ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا جس پر ایک ارب 45 کروڑ 48 لاکھ روپے لاگت آئے گی، تکمیل سے کشمیر چوک پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے اور آخری راؤنڈ 3 اکتوبر کو تقریباً 10 گھنٹے سے زائد چلا لیکن بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجا شریک تھے۔