فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ, سیکیورٹی صورتحال پر بریفننگ

کوئٹہ ( رپورٹ ، فرہاد ابدالی ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) پاکستان نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔

دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاری اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ادارہ جاتی روابط اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں کی جانب سے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے امن کو مستحکم کرنے اور پائیدار معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا بنیادی محور ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور صوبے کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کے امکانات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فرائض کی انجام دہی میں افسران و جوانوں کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل لگن کو سراہا۔

کوئٹہ پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔