مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل بھی مہنگا، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بھی برقرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک): پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل بھی مہنگا کردیا، جبکہ جیٹ فیول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 17 روپے 35 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کا تیل 324 روپے 35 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 279 روپے 55 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

طیاروں کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت 309 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں پہلے ہی 5 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جاچکا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 12 ستمبر سے 14 ستمبر تک ہوگا۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ رائٹرز کے مطابق 11 ستمبر کو برینٹ خام تیل 3.02 ڈالر کمی کے بعد 104.61 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی تقریباً 99.18 ڈالر فی بیرل پر آگیا، تاہم ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں 8 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ کے تنازع اور خلیجی خطے میں سپلائی کی رکاوٹوں کے باعث عالمی تیل کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔