خیبر پختونخوا کابینہ کے مختلف فیصلوں کی منظوری، قیدیوں کی 2 ماہ معافی بھی شامل

پشاور: خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے جیل خانہ جات، تحفظِ گواہان، گاڑیوں کی رجسٹریشن سمیت مختلف اہم امور سے متعلق متعدد فیصلوں کی منظوری دے دی۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی محتسب کے دفتر کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کابینہ نے محتسب کی رپورٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے جیل خانہ جات اور تحفظِ گواہان سے متعلق معاملات کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلوں کی بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ دو ماتحت یونٹس کے قیام، جی ٹو جی معاہدے اور نظرثانی شدہ نرخوں سے متعلق معاملات بھی منظور کیے گئے۔
صوبائی کابینہ نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید افراد کے لیے دو ماہ کی سزا میں معافی دینے کی منظوری بھی دی۔ خصوصی معافی کے فیصلے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں گلیات سے مری کو پانی کی تقسیم اور فراہمی، اس کے طریقہ کار، نرخوں اور واجبات کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔ کابینہ نے اس معاملے کو مزید غور اور فیصلے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مختلف انتظامی اور عوامی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔







