بابراعظم کا دوٹوک مؤقف، سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی حرج نہیں

لندن:( عوام سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، ٹیم کے لیے جو بہتر ہوگا وہی کھلاڑی کھیلے گا۔
دوسرے ٹیسٹ سے قبل لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد اچانک وکٹیں گرنے کی خامی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر نیا بیٹر کریز پر آتا ہے تو سیٹ بیٹر بھی آؤٹ ہوجاتا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پچ پر گھاس نظر آرہی ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں ہوتا، بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی موقع دیا جاتا ہے، جبکہ محمد رضوان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ پوری پلیئنگ الیون پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، یہ ممکن نہیں کہ بولرز 20 وکٹیں حاصل کریں اور بیٹرز اپنا کردار ادا نہ کریں۔
بابر اعظم نے اپنی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم لارڈز میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔