پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے شکست

پاکستان انڈر 19 نے پہلے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 151 اور کپتان فرحان یوسف نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ 268 رنز کی شراکت ہوئی۔

333 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد صیام نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رضوان اللہ، احمد حسین اور نقاب شفیق نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یوں پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔