ایران جنگ طویل ہونے کا خدشہ، امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تعیناتی 2027 تک بڑھا دی

واشنگٹن: امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ طویل ہونے کے اشارے ملنے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتیوں کی مدت 2027 تک بڑھا دی گئی۔

امریکی اخبار کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے فوجی تعیناتیوں کی مدت میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع اگلے سال تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی تعیناتیوں میں توسیع ایک غیر محدود فوجی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صورتحال کے مطابق مختلف آپشنز فراہم کرنا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے نجی طور پر اپنے معاونین سے ایران جنگ کے خاتمے کا اعلان کرنے کے معاملے پر مشاورت بھی کی ہے، تاہم وہ اب بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ایران پر اقتصادی دباؤ ایرانی حکومت کو اپنے جوہری پروگرام کے خاتمے پر مجبور کرسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے معاونین نے انہیں خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں مزید اضافہ ہونے کی صورت میں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو شکست کے خطرے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی خواہش ہے کہ وسط مدتی انتخابات تک ایران جنگ نسبتاً خاموش انداز میں جاری رہے۔